ہائی کورٹ کا محکمہ اطلاعات سندھ کو تمام اخبارات و جرائد کے واجبات 05 نومبر سے قبل ادا کرنے کا حکم

0
45

نیوز آئٹم

ہائی کورٹ کا محکمہ اطلاعات سندھ کو تمام اخبارات و جرائد کے واجبات 05 نومبر سے قبل ادا کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے سی پی این ای کی جانب سے اخباری اداروں کو اشتہاراتی واجبات کی ادائیگیوں کے سلسلے میں دائر کردہ آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔

کراچی ( 05 اکتوبر 2020ء) سندھ ہائی کورٹ نے حکومت سندھ کے محکمہ اطلاعات کو سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات و جرائد کے جنوری 2019ء تا جون2020ء کے عرصے کے تمام واجبات کی ادائیگیاں دو ہفتے کے بعد فوراً شروع کرنے کا حکم دیدیا ۔
یہ حکم جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ نے سی پی این ای کی جانب سے اخباری اداروں کو اشتہاراتی واجبات کی ادائیگیوں کے سلسلے میں دائر کردہ آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن (ایڈورٹائزمنٹ) ذوالفقار شاہ نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی فنانس ڈپارٹمنٹ نے اخبارات و جرائد کے واجبات کی ادائیگی کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں چنانچہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 15 دن کے اندر ضروری کاروائی کی تکمیل کے بعد فوری طور پر ادائیگیاں شروع کر دی جائیں گی۔
عدالت نے ڈائریکٹر انفارمیشن (ایڈورٹائزمنٹ) ذوالفقار شاہ کو دو ہفتے کے بعد ادائیگیوں کا عمل شروع کر کے آئندہ سماعت سے قبل ادائیگیاں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات و جرائد کو سب سے پہلے ادائیگیاں کی جائیں اور کاروائی کی تکمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
درخواست کی آئندہ سماعت 05 نومبر 2020ء کو ہوگی۔ سی پی این ای کی پیروی سید محمد جمیل رضا زیدی اور محمد اظہر فریدی ایڈووکیٹس نے کی جبکہ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق و دیگر بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here