تمام میڈیا ایسوسی ایشنز کے مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر سنگین تحفظات

0
71

تاریخ: 30 اگست 2021ء

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا حکومتی کوشش پوری قوت سے ناکام بنانے کا عزم

کراچی ( پ ر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تمام میڈیا ایسوسی ایشنز کی جانب سے مجوزہ میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام پرسنگین تحفظات کے بعد میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرقانون سازی کی حکومتی کوشش پوری قوت سے ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ن لیگ کے صدر میاں شہبازشریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی، کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ شرکاء نے پی ایم ڈی اے کو میڈیا کا گلا گھونٹنے کی ایک سوچی سمجھی حکومتی سازش قرار دیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے پی ایم ڈی اے بل کے خلاف قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھانے اور اس سلسلے میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی حمایت کا یقین دلایا۔ شہبازشریف نے کہا کہ آزاد صحافت،جمہوریت وآئینی آزادیوں کیلئے مجوزہ میڈیا اتھارٹی کے قیام کا معاملہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر پوری اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ حکومت کے سوا پارلیمان میں کوئی بھی جماعت اس کالے قانون کی حمایت نہیں کریگی۔ شہبازشریف نے کہا کہ اکثریت کی وجہ سے اگر قومی اسمبلی سے یہ کالا قانون منظور بھی ہوجاتا ہے تو اسے تمام جماعتیں اپنے خلوص کا مظاہرہ کرکے سینیٹ میں منظوری سے روک سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پرجوقدغنیں عمران نیازی نے لگائیں یا لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں، کوئی اورحکومت ہوتی توالٹ دی جاتی۔ تین برسوں میں میڈیا پرلگنے والی پابندیوں کی نظیر نہیں ملتی جس سے عالمی دنیا میں بھی پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے۔ شہباز شریف نے شرکاء کو یقین دلایا کہ میڈیا اتھارٹی کے معاملے پرصحافیوں کے شانہ بشانہ ہیں اور میڈیا کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ مجوزہ پی ایم ڈی اے کے خلاف میڈیا تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی جلد مختلف سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے ملاقات کرے گی

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here