سینئر صحافی اور پیمرا کے سابق صدر جناب ابصار عالم پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں: سی پی این ای

0
1020

پریس ریلیز
تاریخ: 20/ اپریل 2021ء

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سینئر صحافی اور پیمرا کے سابق چیئرمین جناب ابصار عالم پر اسلام آباد میں آج شام ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی پی این ای کے صدر عارف نظامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے دائرہ اختیار میں دستیاب تمام تر تحقیقاتی وسائل کو برائے لاتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دیں۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عدم برداشت کے رجحانات کو بے محابہ پھیلاؤ کی آزادی دی گئی اور آج انہوں نے خوفناک نتائج کے ساتھ پورے معاشرے کو اپنے شکنجے میں جکڑ لیا ہے۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے اس حقیقت کی جانب بھی توجہ دلائی کہ حکمران طبقات کی جانب سے آزاد میڈیا کی زبان بندی کے بھرپور اقدامات رنگ لا رہے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ حکمران طبقات پوری متانت اور بردباری سے آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی کو سنجیدگی سے یقینی بنائیں کیونکہ صرف یہی راستہ ہے جس سے ایک منقسم سیاسی ماحول اور قوم میں تحمل اور اعتماد پیدا ہو سکتا ہے۔ عارف نظامی اور ڈاکٹر جبار خٹک نے جناب ابصار عالم کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے ان سے اور ان کے اہل خانہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here