سی پی این ای کا ممتاز صحافی عارف نظامی کے انتقال پر اظہار تعزیت

0
1503

تعزیتی پریس ریلیز

تاریخ: 23جولائی 2021ء

سی پی این ای کا ممتاز صحافی عارف نظامی کے انتقال پر اظہار تعزیت

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کونسل کے منتخب صدر عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں سی پی این ای کے سینئر نائب صدر علی کاظم وحید، قائم مقام سیکریٹری جنرل عامر محمود، نائب صدور سردار خان نیازی، اکرام سہگل، ارشاد احمد عارف، انور ساجدی، ڈاکٹر حافظ ثنا اللہ خان، جوائنٹ سیکریٹری غلام نبی چانڈیو، طاہر فاروق، عارف بلوچ، تنویر شوکت، شکیل احمد ترابی، فنانس سیکریٹری سید حامد حسین عابدی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمان منگریو سمیت تمام اراکین نے ممتاز صحافی، تجزیہ کار، ایڈیٹر اور تنظیم کے صدر جناب عارف نظامی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میں جناب عارف نظامی کی گراں قدر اور بے باک صحافتی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناب عارف نظامی صاحب دنیائے صحافت میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے جن کو پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ ہمیشہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کے لئے کھڑے رہے۔ انہوں نے آزادی صحافت پر ہر طرح کی پابندیوں / روک تھام کے خلاف باقاعدہ جنگ لڑی اور متعدد حکومتوں کے ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹنے کے لئے آمرانہ پالیسیوں کے خلاف بر سر پیکار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناب عارف نظامی کی صحافتی میدان میں خدمات کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سی پی این ای ایک دلیر ، بہادر اور عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے، ان کی خدمات کو ملکی صحافتی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here