سی پی این ای انتخابات، کاظم خان صدر اور عامر محمود سیکرٹری جنرل منتخب

0
255

*پریس ریلیز*
تاریخ: 02 دسمبر 2021ء

لاہور ( ) کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای ) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیلی ٹائمز کے گروپ ایڈیٹر جناب کاظم خان کو سی پی این ای کاصدر ، روزنامہ ایکسپریس کے گروپ ایڈیٹر جناب ایاز خان سینئر نائب صدر ، کرن و خواتین ڈائجسٹ گروپ کے چیف ایڈیٹر جناب عامر محمود سیکرٹری جنرل اور پاکستان ٹوڈے کے ایڈیٹر جناب یوسف نظامی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ سی پی این ای کے عہدیداروں کا انتخاب بدھ کو لاہور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں ملک بھر سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں مجوزہ PMDA کے قانون، گورنمنٹ پریس ریلیشنز اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت فیک نیوز کی پاداش میں مستند اور مسلمہ صحافتی پلٹ فارمز پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پابندیاں عائد کرنے کے درپے ہے ، جو دیگر کئی حکومتی ہتھکنڈوں کے ذریعے پہلے سے نت نئی پابندیوں اور سنسرشپ کا شکار ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پی ایم ڈی اے کی قانون سازی کی ہر پلٹ فارم پر بھر پور مخالفت اور مزاحمت کی جائے گی۔

اجلاس میں وفاق سمیت سندھ ، پنجاب ، کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتوں جانب سے سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور واجبات کی ادائیگیوں میں انتہائی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا کہ کئی سالوں سے شائع ہونے والے ریگولر اور مستند اخبارات و جرائد کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے، علاوہ ازیں جاری شدہ اشتہارات کی ادائیگیاں بھی کئی سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے اخبارات و جرائد کے ادارے شدید مالی بحران میں مبتلاہیں ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری اشتہارات کئی سالوں سے شائع ہونے والے ریگولر اور مستند اخبارات و جرائد کو جاری کئے جائیں، علاوہ ازیں علاقائی، ریجنل اور درمیانے درجے کے میٹروپولیٹن اخبارات کو ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ اشتہارات ان کی علاقے اور صوبے کے اخبارات و جرائد کو جاری کئے جائیں۔ خیبرپختونخوا کے جوائنٹ سیکریٹری طاہر فاروق نے خیبر پختونخوا حکومت سے سی پی این ای کے رکن اخبارات کو سرکاری اشتہارات میں جائز حصہ دینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں حکومت سے اخبارات کے واجبات کی بھی جلد از جلد ادائیگیاں کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کی اخباری اداروں کے نمائندگان سے غیر مناسب رویے کی نشاندہی کو بھی باعث تشویش قرار دیا گیا۔

اجلاس میں سی پی این ای کے نو منتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکریٹری جنرل عامر محمود، ڈپٹی سیکریٹری جنرل یوسف نظامی اور فنانس سیکریٹری حامد حسین عابدی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمان منگریو، نائب صدور ارشاد احمد عارف ، انور ساجدی، سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق، ڈاکٹر جبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹریز غلام نبی چانڈیو، طاہر فاروق، عارف بلوچ، تنویر شوکت، سینئر اراکین جمیل اطہر قاضی، مقصود یوسفی، عبدالخالق علی، محمد طاہر ،احمد شفیق، محمد اکمل چوہان، بشیر احمد میمن ، محمود عالم خالد ، ممتاز احمد صادق، محمد اویس رازی، شیر محمد کھاوڑ، زبیر محمود خالد، یحییٰ خان سدوزئی، سید فرزند علی، وقاص طارق فاروق، سردار نعیم، قیصر علی شاہ ، سجاد عباسی ، وزیر زادہ، فضل حق، رشید اقبال، ظفر وٹو اور منزہ سہام سمیت متعدد اراکین نے شرکت کی۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here